میرٹھ ،08؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے پیر کو مرکز کی مودی حکومت پر حملہ کر تے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے پوری تیاری کے بغیر نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو نافذ کیا تھا جس سے ملک میں غربت اور بے روزگاری اور بڑھ گئی۔اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی نے کہا کہ اسی کی وجہ سے بی جے پی کا جانا طے ہے۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’میں بھی چوکیدار‘ مہم کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چوکیدار کی ناٹک بازی بھی بی جے پی کو اتر پردیش میں نہیں جتا پائے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی کی بھیڑ دیکھ کر بی جے پی والے ’نمو۔نمو‘کرنا بھول جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہاں کے لوگ اب اتحاد کے امیدواروں کو ریکارڈ ووٹوں سے کامیاب بنائیں گے اور بی جے پی امیدواروں کو بری طرح سے شکست ہوگی ۔مایاوتی نے یہاں ہاپوڑ روڈ پر پارٹی کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دلت، اقلیتوں کا ظلم و ستم بڑھا ہے۔ خاص طور پر جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں ظلم و ستم کچھ زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو پوری تیاری کے بغیر نافذکیا جس سے ملک میں غربت، بے روزگاری بڑھ گئی۔چھوٹے اور درمیانہ طبقے کے تاجر پریشان ہیں۔